اسلام آباد(نیوزڈیسک)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ یمن کے بحران کے حل کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری شورش کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے جو خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔
سعودی وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ ماسکو کے دورے کے دوران روسی نشریاتی ادارے “رشیا ٹوڈے” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں امن کو موقع دینے کے ساتھ ساتھ حوثیوں کے مراکز پر اتحادی فوج کی بمباری جاری رہے گی۔
اپنے انٹرویو میں وزیرخارجہ نے خطے میں ایران کی مسلسل بڑھتی مداخلت پر بھی بات کی اور کہا کہ عراق، شام، لبنان اور یمن میں ایرانی مداخلت سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کا اچھے ہمسائے کے طور پر آگے بڑھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔