انڈیا کی ریاست بہار کے شہر بھاگلپور کی پولیس کا دعویٰ ہے کہ ایک باپ نے بیٹی کا جہیز اکٹھا کرنے کے لیے بینک میں ڈاکہ ڈالا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں چار افراد کی گرفتاری اور ان کے پاس سے چھ لاکھ روپے برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ بھاگلپور کے سینیئر پولیس اہلکار ضمیر کمار نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے 26 مئی کو بھاگلپور کے گھنٹہ گھر میں بہار دیہی بینک کو لوٹا تھا۔ پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ’گرفتار لوگوں نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ انہوں نے جہیز کی رقم حاصل کرنے کے لیے ڈاکہ ڈالا تھا۔‘ پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس ڈکیتی کا اہم ملزم “یادو” بینک ڈکیتی سمیت کئی معاملات میں پہلے سے ہی نامزد ہے۔ پولیس کے مطابق “یادو” نے اس بار اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کے جہیز کے لیے ڈاکہ ڈال تھا۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کی اس واردات میں اس کے داماد اور دیگر رشتہ دار بھی شامل تھے۔ معلومات کے مطابق یادو کو جہیز میں پانچ لاکھ روپے دینے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکے کے بعد “یادو” نے جہیز کی رقم پہنچانے کے لیے لڑکے والوں سے رابطہ بھی کیا لیکن پولیس کے دباؤ کی وجہ سے ایسا نہیں ہو پایا۔ پولیس “یادو” سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں