اسلام آباد(نیوز ڈیسک)جرمنی کے مغربی حصے میں ایک مسافر ٹرین روڈ کراسنگ پر ایک ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ کم از کم 20 دیگر زخمی ہو گئے ۔طبی حکام کے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویناک قرار دی جا رہی ہے۔ پولیس کے ترجمان یوخن لاشکے کے مطابق ایک ریجنل ٹرین جو اوسنابروک سے ابن بوئرن جا رہی تھی کھاد سے لدے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ لاشکے کے مطابق یہ حادثہ ابن بوئرن کے مضافات میں پیش آیا جو جرمن دارالحکومت برلن سے 440 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق جائے حادثہ پر ابتدائی تفتیش کے مطابق کھاد سے بھرا ٹرک جب ریل کی پٹری پر سے گزرتے ہوئے وہاں پھنس گیا۔ ٹرین اس ٹرک سے ٹکرا گئی اور اس ٹرک کو قریب 200 میٹر تک گھسیٹی چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرک کا ڈرائیور زخمی نہیں ہوا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں