بیجنگ (نیوزڈیسک)امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین جس سمت و رفتار سے جنوبی بحیرہ چین کے علاقوں پر اپنا دعوی پیش کر رہا ہے اس سے انھیں تشویش ہے۔اس بات کا اظہار انھوں نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔مسٹر وانگ سے ملاقات کے بعد جان کیری نے کہا ’میں نے چین پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کرے جس سے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے اور مسائل کے سفارتی حل کے امکانات روشن ہوں۔اس پر مسٹر چین کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ چین اپنی خودمختاری اور اپنے علاقے کی سالمیت کی حفاظت کے لیے چٹان کی طرح غیر متزلزل ہے۔چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اپنی خودمختاری کی حفاظت کرنے کا پابند ہے تاہم انھوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان اختلافات سے کہیں زیادہ مشترکہ مفادات ہیں۔چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ چین خطرے کی صورت میں سخت اقدامات کرے گا۔بیجنگ نے ان اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ شاید امریکہ اپنے فوجی بحری جہازوں اور جیٹ طیاروں کو جنوبی بحیرہ چین بھیج رہا ہے۔