اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا فیلڈ اورعسکری کمانڈ ر ابو علی الحاکم فضائی حملے مےں ہلاک ہوگیا ہے۔العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابو علی الحاکم سعودی عرب کی جانب سے منگل کی رات سے جاری جنگ بندی سے قبل ایک فضائی حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا اور وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ہے۔وہ حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے بعد تحریک کا دوسرا اہم لیڈر وعسکری کمان دار سمجھا جاتا تھا۔اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپریل میں ایک قرارداد کے تحت بلیک لسٹ کر کے حوثی ملیشیا پر اسلحہ حاصل کرنے پر پابندی عاید کردی ۔یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک نے منگل کی رات سے پانچ روز کے لیے حوثی ملیشیا اور ان کے اتحادیوں پر فضائی حملے بند کررکھے ہیں۔اس دوران جنگ سے متاثرہ یمنیوں تک امدادی سامان بہم پہنچایا جارہا ہے۔تاہم سعودی اتحاد نے حوثی ملیشیا پر جنگ بندی کے خلاف ورزی کے الزامات عاید کیے ہیں۔