اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکا کی ایک فوجداری عدالت نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”فیس بک“ پر دہشت گرد تنظیم دولت اسلامی عراق وشام ”داعش“ کی حمایت کرنے اور تنظیم کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے کی مہم چلانے کی پاداش میں امریکی شہری کو بیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔امریکی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ملزم ڈونلڈ رائے موگان کو ایک پچھلے سال حراست میں لیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم کے خلاف عاید الزامات درست ثابت ہوئے ہیں اور وہ فیس بک کے ذریعے شہریوں کو داعش میں شامل کرانے کی ترغیب دیتا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اس نے خود بھی داعش میں شمولیت کے لیے لبنان کا سفرکیا تاہم وہ شام کی سرزمین میں داخل نہیں ہوسکا ہے۔امریکا کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ”ایف بی آئی“ کے ایک عہدیدار جون اسٹرونگ کا کہنا ہے کہ مورگان امریکا کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ جبکہ امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ مورگان کی سرگرمیاں ”دہشت گردی کی کارروائیوں“ کے زمرے میں آتی ہیں۔ فیس بک اور ٹیوٹر پر داعش کی حمایت امریکا میں سنگین جرم سمجھا جاتا ہے ۔