اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف جنرل مسعود جزائری نے دھمکی دی ہے کہ اگرایران کے بحری جہازوں کو سعودی عرب اور امریکی بحریہ نے روکنے کی کوشش کی تو پورے خلیج میں آگ لگا دیں گے۔۔جنرل جزائری نے ایران کے”العالم” ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں یہ بات وضاحت کے ساتھ کہتا ہوں کہ ایران کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے۔ سعودی عرب، امریکا اور اس کے حواری اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھیل تماشا اب بند کردیں۔ خطے میں ایران کے امدادی جہازوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پورے خلیج میں آگ لگ جائے گی اور پھر سب اس آگ کی لپیٹ میں ہوں گے۔خیال رہے کہ ایرانی عہدیدار کی جانب سے امریکا اور سعودی عرب پر تنقید ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکی حکام نے جیبوتی کی جانب جانے والے ایران کے ایک بحری جہاز کو اپنا راستہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم ایران کا کہنا ہے کہ وہ جیبوتی میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امدادی سامان کی تقسیم کے مشن پر اپنے جہاز بھیج رہا ہے، جن پر امدادی سامان لادا گیا ہے۔امریکی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل اسٹیفن وارن نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ جب ایران کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ وہ یمن کے حوثی باغیوں کی مدد کے لیے جنگی جہاز روانہ کررہا ہے تو اس کے بعد ہم ایران کے ہر جہاز کی نگرانی کررہے ہیں۔ادھر ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا ایک بحری جہاز ”ایران شاھد‘خلیجی ریاست اومان کے دارالحکومت مسقط کے ساحل کے قریب سے گذرا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ”فارس“ کے مطابق تہران حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ایرانی جہازبغیر کسی رکاوٹ کے سمندر میں اپنے مخصوص راستے پر چلتا رہا تو اگلے چھ روز میں یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر پہنچ جائے گا۔تاہم امریکی وزارت دفاع ”پینٹاگون“ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے تمام بحری جہازوں کی اس وقت سے نگرانی کررہے ہیں
مزید پڑھئے:جعلی پیر کے کہنے پر اپنی چھ سالہ پالک بیٹی کو نماز جنازہ پڑھ کر 2 گھنٹے دفنا دیا
جب سے تہران نے یمن کے حوثیوں کو فوجی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ امدادی جہازوں کے ہمراہ فوجی جہاز بھی یمن بھیج رہے ہیں۔امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی جانب سے یمن کے لیے امدادی سامان بھیجا گیا ہے تو ہم اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ امدادی سامان کو براہ راست یمن بھجوانے کے بجائے اسے جیبوتی بھجوانا چاہیے جہاں اقوام متحدہ نے یمن کے متاثرین کے لیے امداد کے حصول کا ایک کیمپ قائم کیا ہے۔ جیبوتی میں جمع ہونے والی امداد کو اقوام متحدہ کے اداروں کے ذریعے یمن تک پہنچایا جا رہا ہے۔