بانجول (نیوزڈیسک) گیمبیا کے صدر یحییٰ جامع نے بین الاقوامی شہرت رکھنے والے پاکستانی نڑاد چیف جسٹس کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔پاکستانی نڑاد علی نواز چوہان کو گزشتہ برس اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا اور ان کی جگہ عارضی طور پر ایک نائجرین جج کو یہ جگہ دے دی گئی۔مغربی افریقی ممالک کے عدالتی ذرائع کے مطابق علی نواز چوہان نامی چیف جسٹس کو بغیر کسی سرکاری اعلان کے برطرف کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کوئی بھی وجہ سامنے نہیں آئی ہے کہ علی نواز چوہان کو ان کے عہدے سے کیوں ہٹایا گیا ہے۔علی نواز چوہان جو ہیگ میں تین سال تک انٹرنیشنل کرمنل ٹربیونل میں کام کرچکے ہیں کو گزشتہ سال چھ مارچ کو گیمبیا کے چیف جسٹس مقرر ہوئے تھے۔اب ان کی جگہ کورٹ آف اپیل کے صدر ایمونیل فیگبینل قائم مقام چیف جسٹس بن گئے ہیں اور اس سے پہلے گزشتہ برس فروری میں ایک چیف جسٹس کو برطرفی کے بعد بھی انہیں یہ عہدہ عارضی طور پر دیا گیا تھا۔گیمبیا کے دارالحکومت بانجول سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر کے پاس چیف جسٹس کو برطرف کرنے کا اختیار نہیں۔اس کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق صدر کو گیمبیا کے جوڈیشل سروس کمیشن سے مشاورت کرکے سب سے سنیئر جج کو چیف جسٹس تعینات کرنا چاہئے جبکہ ایمونیل فیگبینل تو سپریم کورٹ کے جج ہی نہیں۔صدر یحییٰ جامع کی جانب سے اکثر حکومتی اور عدالتی عہدوں میں ردوبدل کیا جاتا رہا ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ عدم تحفظ کی علامت ہے، صدر نے دفاع اور مذہبی امور سمیت متعدد اہم وزارتوں کا چارج بھی سنبھالا ہوا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں