نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ داﺅد ابراہیم پاکستان میں ہے اور اسے جلد بھارت لانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داﺅد ابراہیم کے بارے میں اپنے موقف سے جلد پارلیمنٹ کو بھی آگاہ کریں گے۔ اس سے قبل بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نے کہا تھا کہ داﺅد ابراہیم کہاں ہے، اس بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں جبکہ اس کے ٹھکانے کا سراغ لگانے کے لئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے اس سے قبل بھی داﺅد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے تو ایک مرتبہ الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے داﺅد ابراہیم کے پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں موجودگی کا دعویٰ کر دیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی ہمیشہ تردید کرتے ہوئے یہ بات بھارت کو تواتر سے بتاتا آیا ہے کہ ان بھارتی الزامات میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے ۔