اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ نے دعویٰ کیا ہے کہ 538بھارتی ماہی گیر 3ہمسایہ ممالک کی جیلوں میں پڑے ہیں۔ ان میں سے 464بھارتی ماہی گیر پاکستانی جیلوں میں ہیں، جبکہ پاکستان 303بھارتی ماہی گیروں کی موجودگی بتاتا ہے۔ اخبار کے مطابق مرکزی حکومت کی طرف سے مختلف کوششوں کے باوجود، 538بھارتی ماہی گیر پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی جیلوں میں موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک اندازے کے مطابق 823بھارتی ماہی گیری کشتیاں پاکستان کی تحویل میں ہیں۔ پاکستان نے رواں برس کے اوائل میں 172بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، تاہم اس اقدام کے باوجود جیلوں میں ماہی گیروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماہی گیروں کی رہائی میں ان کی قومیت اور اس عمل کا تعین دونوں حکومتوں کے درمیان مسئلہ بن جاتا ہے۔ پاکستان نے مارچ میں57 کشتیاں واپس کیں۔ سری لنکا نے جنوری 2014سے 927بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا۔ لیکن 37بھارتی ماہی گیر اور 25کشتیاں ابھی بھی سری لنکا کی تحویل میں ہیں۔ اکتوبر 2014 کے بعد سے 212بھارتی ماہی گیروں کو بنگلا دیش کی طرف سے رہا کیا گیا، لیکن بنگلہ دیش کی جیلوں میں 37بھارتی ماہی گیر اب بھی موجود ہیں۔