اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلووے نے اپنی شکست کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کر دیا ۔ ریسپیکٹ پارٹی کے جارج گیلووے کو گزشتہ دنوں لیبر پارٹی کی امیدوار پاکستانی نژ اد ناز شاہ نے بریڈ فورٹ ویسٹ سے انتخابات میں شکست دے دی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں جارج گیلووے کا کہنا تھا کہ وہ نتائج کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کررہے ہیں۔ جارج گیلووے کے ترجمان کے مطابق شکایات پیپلز رپریزنٹیٹو ایکٹ کے تحت درج کرائی جائے گی، جس کے تحت انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے جھوٹے بیانات کو محور بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان کا موقف ہے کہ پوسٹل ووٹنگ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اور ہم اس سلسلے میں تمام معلومات کو اکٹھا کررہے ہیں، جسے ہم اپنی پٹیشن کا حصہ بنائیں گے۔ دوسری جانب لیبر پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جارج گیلووے کو اس بات کو تسلیم کرنا چاہئے کہ ان کے حلقے کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے اور جارج گیلووے کی تقسیم کرنے کی والی سیاست کو دیکھتے ہوئے عوام نے ایک مثبت فیصلہ کیا ہے۔