اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے سپیشل سیکیورٹی ٹاسک فورس کے سربراہ سمیت متعدد اہم سیکیورٹی اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کر دیا ہے۔سبکدوشی کے صدارتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عہدوں سے ہٹائے جانے والوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ جن عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان میں وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل بریگیڈئر عبدالکریم الدمشقی، سپیشل سیکیورٹی ٹاسک فورس کے سربراہ ناصر محسن الشودبی اور دارلحکومت صنعائ کے پولیس ڈائریکٹر بریگیڈئر عبدالرزاق الموید شامل ہیں۔ حکمنامے میں سبکدوش کئے جانے والے اہلکاروں پر اپنے سرکاری فرائض منصبی کی انجام دہی میں غفلت برتنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔یاد رہے صدر ہادی نے حوثیوں کے ہاتھوں ملک کی دستوری اور آئینی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد یمن میں پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال کے بعد چند دن قبل متعدد سیکیورٹی افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا تھا۔