اسلام آباد(نیوز ڈیسک)برطانوی انتخابات میں کنزر ویٹو پارٹی کی کامیابی اور اس کی پالیسیوں کے خلاف لندن میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پولیس پر اسموک بموں اور پانی کی خالی بوتلوں سے حملے کیے۔ اس دوران پولیس نے 17افراد کو گرفتار کرلیا۔ لندن میں مظاہرین نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی رہائش گاہ ٹن ڈاﺅننگ اسٹریٹ کے قریب احتجاج کیا۔ مظاہرین کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے سرکاری شعبوں اور عوامی مراعات میں کٹوتیوں کی پالیسی کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کنزرویٹو پارٹی کی ان پالیسیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے اور سماجی شعبے میں ملنے والی حکومت مراعات میں کمی ہوگی اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین آپس میں گھتم گھتا ہوگئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پانی کی خالی بوتلیں اور اسموک بم بھی پھینکے۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق مظاہرین کے ساتھ جھڑپ میں 1پولیس اہلکار سمیت 2افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ 17افراد کو مختلف الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔