اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان‘ بنگلہ دیش اور چین کیساتھ ملنے والی سرحدوں سے ہمیشہ دراندازی کے خدشات رہتے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے موثر ترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان‘ چین اور بنگلہ دیش سے بار بار دراندازی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جبکہ اسی طرح کی صورتحال ملک کے اندرونی صورتحال کیلئے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی کے جیسے واقعات ہمیشہ ملک کی اندرونی سلامتی کیلئے خطرہ ہے جبکہ اس کے پیش نظر مرکزی حکومت وہ سارے اقدامات اٹھانے میں سنجیدہ ہے جو اس کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ملنے والی سرحد پر تار بندی کا کام پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے اور اگر اس میں کوئی کوتاہی رہی ہے تو اس کو دور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اندرونی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی حکومت پر عزم ہے۔