اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکی خلائی ادارے ناسا نے طا قتور ترین شمسی دھماکوں کی تصاویر جاری کردی ہے۔ ناسا کے سولر ڈائنامکس آبزرویٹری مشن نے سورج سے نکلنے والے شعلوں کی یہ تصاویر 5مئی کو لی ہیں۔ ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برقی مقناطیسی دھماکوں کے نتیجے میں سورج کی اوپری سطح سے رنگین شعلے خارج ہو رہے ہیں۔ ناسا کے مطابق ان تصاویر سے سائنسدانوں کو سورج کے پراسرار راز اور توانائی کے اخراج سے متعلق امور جاننے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زمینی کا میگنیٹک فیلڈ اسے خلا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے، تاہم اس طرح کے طاقتور شمسی شعلے زمین پر مواصلاتی نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔