اسلام آباد(نیوزڈیسک)فرانس میں رواں برس مارچ میں تباہ ہونے والے جرمن مسافر طیارے کے معاون پائلٹ آندریاز لوبٹز شاید جہاز کو جان بوجھ کر تیزی سے نیچے کی جانب لے کر گئے تھے۔جرمن اخبار بلڈ نے فرانس کے تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا کہ معاون پائلٹ آندریاز لوبٹز اس واقعے سے ایک روز پہلے بھی جہاز کو تیزی سے نیچے کی جانب لے کر گئے تھے۔واضح رہے کہ آندریاز لوبٹز پر الزام ہے کہ انھوں نے جان بوجھ مسافر طیارے کو گرایا تھا اور اس کے نتیجے میں جہاز میں موجود 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔فرانسیسی حکام اس مسافر طیارے کے تباہ ہونے کی عبوری رپورٹ کو شائع کریں گے۔جرمنی کے اخبار بلڈ نے فرانسیسی تفتیش کاروں کے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ معاون پائلٹ آندریاز لوبٹز نےبغیر کسی تکنیکی وجہ کے مسافر جہاز کو نیچے اتارنا شروع کر دیا تھا۔اس سے پہلے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ آندریاز لوبٹز نے پائلٹ بننے سے کئی سال قبل خودکشی کرنے کے رجحانات پائے جانے پر نفسیاتی علاج یا سائیکو تھراپی کروائی تھی۔اس سے قبل جرمنی میں استغاثہ کا کہناتھا کہ معاون پائلٹ نے اپنی بیماری کی تفصیلات کو ایئرلائن سے چھپایا تھا۔