ریاض (نیوزڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن میں انسانی امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کے لیے ایک مرکز کے قیام کا اعلان کیا ہے اور اقوام متحدہ کو خانہ جنگی کا شکار ملک میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت دی ہے۔انھوں نے یہ اعلان منگل کو دارالحکومت الریاض میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کیا انھوں نے اپنی تقریر میں کہا:” ہمیں امید ہے اقوام متحدہ فعال انداز میں اس مرکز کی سرگرمیوں میں حصہ لے گی۔اس کے تحت یمنی عوام کےلئے انسانی امدادی سرگرمیاں انجام پائیں گے اور اس میں خلیجی اقدام کی حمایت کرنے والے تمام ممالک حصہ لیں گے۔انھوں نے جی سی سی کے قیام اور اس کو فعال بنانے میں مرحوم شاہ عبداللہ کے کردار کا تذکرہ کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ یمن میں فوجی مداخلت کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یمن اور اس کے اداروں کو تباہی سے بچانے کے لیے یہ اقدام ضروری ہو گیا تھا۔شاہ سلمان نے کہا کہ یمن میں باغی لیڈروں نے ملک میں جاری طوائف الملوکی کے خاتمے کےلئے جی سی سی کے اقدام کو مسترد کردیا ہے۔انھوں نے سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر ممکن طریقے سے یمن کی حمایت جاری رکھیں گے۔سعودی فرمانروا نے اپنے خطاب میں فلسطینی کاز اور اس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا ہے کہ یہ عرب دنیا کی اولین ترجیح ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں