اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) نیپال میں ہولناک زلزلے کے بعد بھارتی میڈیا کی غیرذمہ دارانہ کوریج کو نیپالی عوام نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں ”بھارتی میڈیا واپس گھر جاﺅ“ اور ”انڈین میڈیا دوبارہ مت آنا“ نامی ٹوئٹر ہیش ٹیگز بہت مقبول ہوئے جس پر ہزاروں کی تعداد میں ٹوئٹس کی گئیں۔ نیپالی عوام نے 25 اپریل کے ہولناک زلزلے کے بعد بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹنگ کو غیرذمہ دارانہ، غیر انسانی اور احساسات سے عاری قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک نیپالی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا زلزلے کے حوالے سے دنیا بھر میں افواہیں پھیلا رہا ہے اور غلط رپورٹنگ کررہا ہے۔ حیرت کی بات یہ بھی ہے کہ خود بھارتیوں کی بڑی تعداد نے بھی ان ہیش ٹیگز پر اپنے میڈیا کے منفی کردار پر شدید تنقید کی ہے۔ نیپالی عوام کا شکوہ ہے کہ بھارتی صحافی زلزلے کی کچھ اس طرح کوریج کررہے ہیں کہ گویا وہ بھارتی حکومت کی جانب سے عوامی رائے عامہ قائم کرنے کا کام کررہے ہوں، بھارتی اخبار ہر روز صفحہ اول پر نیپالی زلزلے کی تفصیلات شائع کررہے ہیں اور پورے نیپال میں اس وقت ہندوستانی صحافی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔