اسلام آباد(نیو ز ڈیسک)نیپال میں زلزلے کے 8روز بعد101 سالہ شخص کو اس کے گھر کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد7250 ہوگئی ہے۔نیپال کے دارالحکومت کٹھٹمنڈو میں 75 فیصد عمارتوں کو ناقابل رہائش قرار دے دیا گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 101سالہ ارون کمار زلزلے کے نتیجے میں تباہ ہونے والے اپنے مکان کے ملبے تلے 8روز تک زندہ رہا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس سے قبل نیپالی حکام نے اعلان کیا تھا کہ ملبے کے نیچے اب مزید کسی زندہ فرد کے رہنے کا امکان نہیں رہا ہے۔ نیپال کی وزیر خزانہ رام شرن ماہت کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں جیسے جیسے دور دراز علاقوں تک پہنچ رہی ہیں، ہلاکتوں کی تعداد10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے عالمی امدادی اداروں سے اپیل کی کہ ملک میں بحالی کے کاموں کے لیے فنڈز کی فوری ضرورت ہے۔ ادھر دارالحکومت کٹھمنڈو میں مقامی انجینئرز کے مطابق تین چوتھائی عمارتیں زلزلے سے شدید متاثر ہوئیں، یہ عمارتیں رہائش کے قابل نہیں ہیں اور انہیں خطرہ قرار دیا گیا ہے۔