اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی میں ایک میڈیکل سینٹر پر راکٹ حملے میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔میڈیکل سینٹر میں کام کرنے والے اہلکاروں کے مطابق ایمبولینس بھجوانے والے مرکز پر راکٹ گرنے سے سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔لیبیا کی سرکاری حکومت اور اسلام پسند گروپ بن غازی کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے جاری لڑائی اور معزول صدر معمر قذافی کے بعد سے تیل پیدا کرنے والا یہ افریقی ملک افراتفری کا شکار چلا آ رہا ہے۔لیبیا کے دوسرے بڑے شہر بنغازی کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے گذشتہ چار برسوں سے جاری لڑائی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہو رہی ہے تاہم متحارب فریقوں میں کوئی بھی فیصلہ کن فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔شمالی افریقا کے اس بدقسمت ملک میں مسلح گروپوں سے وابستہ دو متوازی حکومتیں قائم ہیں، جن کے درمیان اقتدار اور علاقے کا کنڑول حاصل کرنے کے لئے لڑائی ہو رہی ہے۔