قاہرہ(نیوزڈیسک)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کو داعش کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہسپانوی اخبار منڈو کو انٹرویو دیتے ہوئے مصری صدر نے کہا کہ داعش تنظیم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے مذہب کا استعمال کر رہی ہے ،یہ گروہ ایک بے قابو طاقت بن چکا ہے اور ہمیں اس سے متعلق خطرات کو سمجھ کر متحد ہونا چاہئے۔ مصری صدر نے کہا کہ داعش کا خطرہ بحیرہ روم سے منسلک خطے یورپ اور ساری دنیا کو لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پھیلتی جا رہی ہے اور اس کے خاتمے کیلئے اس وقت جو فوجی اقتصادی اور مذہب سے متعلق اقدامات کئے جا رہے ہیں وہ ناکافی ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر عبدالفتاح نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ یمن کا بحران مزید شدت اختیار کرے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے مصر سے فوج یمن بھیجنے کی درخواست نہیں کی۔
–