اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ محفوظ سرحدیں ملک کی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راجناتھ بارڈر منیجمنت ان انڈیا چیلنجز اینڈ آپشن‘ کے موضوع پر سرحدی حفاظتی فورس ( بی ایس ایف) کے گولڈن جوبلی سیمینار کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محفوظ سرحدیں ملک کی ترقی کے لئے اہم ہیں اور بی ایس ایف نہ صرف زمینی سرحدوں بلکہ بنگلہ دیش اور گجرات کے ساتھ ساحلی سرحدوں کی حفاظت میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی پہلے حملہ نہیں کرے گا لیکن اگر حملہ ہوا تو پیچھے بھی نہیں ہٹے گا اور سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری اور فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے حکومت کی طرف سے بی ایس ایف کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت فورس کو جدید ہتھیار اور ساز و سامان فراہم کرے گی۔ انہوں نے سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں کے لئے فلاحی اور ترقیاتی کام کے لئے بی ایس ایف کی تعریف کی۔ اس سیمینار میں پاکستان اور بنگلہ دیش سے ملحقہ سرحد کے بندوبست پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔