اسلام آباد(نیوزڈیسک )فغان سیکیورٹی فورسز کی ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 130 طالبان جنگجو ہلاک اور 87 زخمی ہوگئے، اس دوران 6 افغان فوجی بھی مارے گئے۔امریکا نے افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں طالبان کے خلاف کارروائی کے لئے لڑاکا طیارے بھجوا دیے جہاں گزشتہ کئی روز سے عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، قندھار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے افغان انٹیلی جنس کے اہلکار کو قتل کردیا، دوسری جانب انٹیلی جنس حکام نے پاکستان سے قندوز بھجوائے گئے ہتھیاروں کا ذخیرہ قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ قندوز میں عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی فوج کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جیٹ طیارے قندوز میں کارروائیوں کے لیے بھجوائے گئے ہیں،5 روز قبل سیکڑوں عسکریت پسندوں نے صوبہ قندوز پر ایک بڑا حملہ کیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ قندوز کے علاوہ دیگر 13 مقامات پر بھی طالبان باغیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن کیے گئے ہیں جس میں 130 جنگجو ہلاک اور 87 زخمی ہوگئے، ترجمان نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دشمن کے حملے اور بم دھماکے میں 6 افغان فوجی ہلاک ہوگئے، افغان فورسز نے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیاہے۔