کراچی (نیوزڈیسک) بھارت نے کراچی اور سندھ سے ملحقہ پاکستانی ساحلی علاقوں پر نظر رکھنے کیلئے ریاست گجرات میں پروبندر کے ساحل پر جدید نیول بیس بحری اڈا تعمیر کرلیا جس کا نام ولبھ بھائی پٹیل نیول بیس رکھا گیا ہے۔ نیول بیس کا افتتاح گجرات کے وزیر اعلی آنندا بین پٹیل اور بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر 9 مئی کو کرینگے۔ بھارتی بحریہ کے حکام کے مطابق اس بحری اڈے کی تعمیر سے علاقے میں بھارتی بحریہ کی آپریشنل قوت اور نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ بھارتی بحریہ کی مغربی بحری کمانڈ کے پی آر او کمانڈر راہول سنہا نے بتایا کہ ریاست گجرات کے ساحل پر بھارتی بحریہ کا دوسرا بحری اڈ ہ ہوگا ضلع دوار کا میں آئی این ایس دوارکا بیس پہلے ہی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹیجک لحاظ سے گجرات کا یہ ساحلی علاقہ انتہائی پیچیدہ خطہ ہے جس کے قریب ہمارے مغربی ہمسایہ ممالک ہیں، و لبھ بھائی پٹیل بیس کی تعمیر کے بعد اس اڈے سے خطے میں نگرانی اور کارروائی کیلئے کسی بھی وقت بحری جہاز کو متحرک کیا جا سکے گا