واشنگٹن (نیوزڈیسک )امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے درمیان روس مخالف پابندیوں پر اختلاف رائے موجود ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے امور خارجہ کی سربراہ فریڈریکا موگرینی سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہاکہ یورپی ممالک کے درمیان روس مخالف پابندیوں پر ابھی تک اختلاف رائے موجود ہ۔ جان کیری نے کہا کہ امریکا کی رائے میں روس پر دباﺅ ڈالنے کیلئے یورپی یونین کی پابندیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں اس لیے امریکا ان پابندیوں پر بعض یورپی ممالک کی متضاد رائے کے باوجود یورپی یونین کے ساتھ سرگرمی سے کام کرتا رہے گا۔ کیری نے کہا کہ اس سلسلے میں یوکرینی بحران کے تصفیئے سے متعلق مینسک سمجھوتے پر عمل درآمد کیاجانا بہت اہم ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اگلے چند میہنوں میں روس مخالف پابندیوں کی مدت بڑھانے یا نہ بڑھانے کا سوال اٹھے گا۔ اس لیے مینسک سمجھوتے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جانا روس کے مفاد میں ہے۔