دبئی سٹی (نیوز ڈیسک) دبئی کورٹ آف کسیشن نے ایک تاریخی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کام کے دوران زخمی ہونے والے ملازم کو اس کے آجر کی طرف سے چھ ماہ کی مکمل تنخواہ ادا کی جائے گی، اور اگر علاج کا دورانیہ 6 ماہ سے زائد ہوگا تو اضافی عرصے کے لئے نصف تنخواہ ادا کی جائے گی۔عدالت کے فیصلے کے مطابق معالج کی طرف سے میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد آجر کے لئے اخراجات کی ادائیگی لازم ہوگی۔ عدالت نے یہ فیصلہ ایک انشورنس فرم کی طرف سے دائر کئے گئے مقدمہ میں سنایا۔ انشورنس فرم کی طرف سے ایک کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس نے دوران ملازمت زخمی ہونے والے اپنے ڈرائیور کو رقم کی ادائیگی کی تھی اور انشورنس فرم سے اس رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے انشورنس فرم کو حکم دیا کہ زخمی ڈرائیور کو اس کی کمپنی کی طرف سے کی گئی ادائیگی کے عوض کمپنی کو 162000 درہم ادا کئے جائیں