بغداد(نیوز ڈیسک)عراقی دارالحکومت میں دو کاروباری مقامات میں کار بم دھماکوں کے باعث کم ازکم 9 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ایک بم دھماکہ مغربی بغداد کے علاقے منصور میں جبکہ دوسرا دارالحکومت کے جنوب میں عامل میں ہوا۔ بغداد میں بم دھماکے اور فائرنگ روز مرہ کے واقعات ہیں تاہم گزشتہ جون میں داعش کے ایک بڑے حملے کے بعد سے ان میں کمی آئی ہے جب انہوں نے دارالحکومت کے شمال اور مغربی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔عراقی سکیورٹی فورسز نے باغیوں سے ان علاقوں کا قبضہ چھڑانے کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ دریں اثنائ داعش باغی گروپ نے کہا ہے کہ شمالی عراقی صوبہ نائنوے میں بدکاری کے جرم میں دو افراد کو سنگسار کیا گیا ہے ، اس کے بارے میں یکے بعد دیگر آن لائن تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ایک شخص کو آدمیوں کے ایک گروپ کے سامنے آنکھوں پر پٹی بندھے ہوئے گھٹنوں کے بل جھکے ہوئے دکھایا گیا ہے جو اس کے مر کر زمین پر گرنے تک اس پر بڑے بڑے پتھر مارے جا رہے ہیں جبکہ اس کے سر سے خون بہہ رہا ہے۔ایک دوسرے شخص کو بھی اسی طرح دکھایا گیا ہے جبکہ بچوں کے ایک گروپ سمیت بڑی تعداد میں لوگ اسے دیکھ رہے ہیں۔