اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یمن کے جلاوطن وزیر خارجہ نے سابق یمنی صدر صالح کے امن مذاکرات کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ حوثی باغیوں سے مشروط امن مذاکرات کرنے پر تیار ہیں۔وزیر خارجہ ریاض یاسین کے مطابق مذاکرات سے پہلے حوثی باغیوں کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے اور اعلان کرنا ہو گا کہ وہ ملیشیا نہیں بلکہ ایک سیاسی تحریک ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق تازہ فضائی کارروائیوں میں دارالحکومت صنعا کے مضافات میں اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ صدارتی محل کے قریب اسلحے کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے والے قافلے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔دوسری جانب تعز شہر میں شدید لڑائی کے نتیجے میں 20 شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ عدن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں جہاں باغیوں اور یمنی صدر عبدالربہ منصور ہادی کے حامیوں فوجیوں میں لڑائی ہو رہی ہے اس سے پہلے یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح نے حوثی اتحادیوں سے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عرب اتحاد کی بمباری رکنے کے بعد مقبوضہ علاقوں کو خالی کرنے کی اپیل کی تھی۔سابق صدر علی عبداللہ صالح نے مختلف یمنی گروہوں اور سعودی عرب سے اقوام متحدہ کے زیراہتمام امن مذاکرات کرنے کی بھی درخواست کی۔گذشتہ ماہ یمن کے صد ہادی کی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی عرب نے یمن پر بمباری کا آغاز کیا تھا لیکن اب بھی یمن کے بڑے حصے پر حوثی باغیوں کا کنٹرول ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں لڑائی سے مارچ کےآخری ہفتے سے جاری بمباری میں کم از کم 1000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 550 عام شہری اور 115 بچے بھی شامل ہیں۔