اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ہفتے کے روز ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ چوبیس گھنٹے میں فلسطینی نوجوان کی شہادت کا دوسرا واقعہ ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ نے عینی شاہدین کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کے روز مسجد ابراہیمی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔ جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقتول فلسطینی نے ایک اسرائیلی فوجی افسر پر خنجر سے چار حملے کیے جس کے نتیجے میں فوجی افسر زخمی ہوگیا۔ اس دوران ایک دوسرے فوجی نے اس پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔قبل ازیں ہفتے کو علی الصباح اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس میں ایک سولہ سالہ لڑکے کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔اسرائیلی پولیس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ سولہ سالہ فلسطینی نے ”زعیم“ چیک پوسٹ پر ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اسے گولیاں ما کرقتل کردیا، تاہم فلسطینی ذرائع نے اسرائیلی فوجیوں کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا کہ فلسطینی لڑکے کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے۔ وہ اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ گھر کی طرف جا رہا تھا کہ زعیم چیک پوسٹ پر روک کر اسے گولیاں مار دی گئیں۔