نیویارک( نیوز ڈیسک) جس قوم کے ارباب اقتدار اس قدر گراوٹ کا شکار اور اپنی تسکین طبع کی لت سے مغلوب ہوں اس کی حالت کیسے سدھر سکتی ہے۔۔۔۔بات ہو رہی ہے اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی اور اقوام متحدہ میں تعینات شام کے سفیربشر جعفری کی۔۔۔جس وقت انجلینا جولی اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں شام کے پناہ گزینوں کی حالت زار پر ماتم کناں تھیں عین اسی لمحے شامی سفیر انجلینا جولی کی خوبصورتی کے متعلق رطب اللسان تھے۔گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں انجلینا جولی نے4سال سے جاری شام کی جنگ کے متاثرین کے معاملے پرکونسل کی بے حسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دنیا کے طاقتور ملکوں سے پناہ گزینوں کی مدد کی اپیل کی۔ انجلینا جولی نے شامی پناہ گزینوں کے متعلق کونسل کو بریفنگ بھی دی۔ جب شامی سفیر سے پوچھا گیا کہ انجلینا جولی کی بریفنگ کیسی رہی ؟ تو ان کا جواب تھا ” انجلینا خوبصورت ہے۔“اقوام متحدہ کی رپورٹس کے مطابق 4لاکھ 40ہزار شامی باشندے جنگ کی وجہ سے ملک بدر ہو کر ہمسایہ ممالک میں پناہ گزین ہیں۔سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجلینا جولی نے کہا کہ ہمیں شامی پناہ گزینوں کی حالت زار نظر نہیں آ رہی۔ ہم اس تباہی کو بھی نہیں دیکھ پا رہے جو ہمارے فیصلہ نہ کرسکنے کے باعث ظہورپذیر ہو رہی ہے۔ سکیورٹی کونسل نے تاحال اپنے اختیارات استعمال ہی نہیں کیے۔ دراصل کونسل کے اراکین ابھی تک اس بات پر ہی متفق نہیں ہو سکے کہ اس معاملے سے کیسے نمٹا جائے۔