اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چین باور کرتا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس پہلے ہی 20 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ یہ ایسی تعداد ہے جو ماضی میں لگائے گئے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔موقر امریکی اخبار “وال اسٹریٹ جرنل” کے مطابق چین کے جوہری ماہرین کا ماننا ہے کہ پیانگ یانگ اتنی مقدار میں یورینیم افڑودہ کر سکتا جس سے وہ آئندہ سال تک اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد دو گنا تک بڑھا سکتا ہے۔اخبار کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے قریبی اتحادی بیجنگ نے معلومات فروری میں امریکی جوہری ماہرین سے ہونے والی بند کمرہ ملاقات میں فراہم کی تھی۔یہ اعداد و شمار بیجنگ یا واشنگٹن کی طرف سے پہلے لگائے گئے اندازوں سے زیادہ ہے۔ حال ہی میں امریکی ماہرین نے اس اندازے کا اظہار کیا تھا کہ شمالی کوریا کے پاس 10 سے 16 جوہری بم ہیں۔واشنگٹن میں قائم امریکہ، کوریا انسٹیٹیوٹ نے رواں سال کے اوائل میں پیش گوئی کی تھی کہ شمالی کوریا 2020ءتک 100 جوہری بم کا حامل ہوسکتا ہے۔شمالی کوریا نے حالیہ برسوں میں اپنے جوہری پروگرام میں قابل ذکر اضافہ کیا ہے، اس نے 2006ء 2009ء اور 2013ء میں زیر زمین جوہری تجربات کیے۔یہ ملک تواتر سے جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ پر جوہری حملوں کی دھمکیاں بھی دیتا آرہا ہے