نیویارک(نیوزڈیسک)لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم دنیا کی سب سے کم عمر نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی شہری ملالہ یوسفزئی اور آسکرایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کو نیو یارک ٹائمز کی جانب سے دنیا کی 50 انتہائی بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔نیو یارک ٹائم اس فہرست میں ان خواتین کو شامل کیا ہے جنہوں نے گزشتہ سال دنیا میں بڑے کارنامے سرانجام دیئے۔اس فہرست میں ملالہ اور شرمین کے ساتھ ساتھ ہلیری کلنٹن، ایمل کلونی، لیسلی اڈون، اینجیلینا جولی، ای ایل جیمز، سمنتھا پاور، اینجیلا مارکل، جینیفر لارنس اور دیگر شامل ہیں۔نیو یارک ٹائمز نے با اثر خواتین کی فہرست میں ملالہ کو 36 ویں نمبر پر جب کہ شرمین عبید چنائے کو 48 ویں نمبر پر رکھا ہے۔امریکی روزنامے نے ملالہ کا تعارف کچھ ان الفاظ میں کروایا ہے “بچوں کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے دنیا بھر میں جدوجہد کرنے والی ایسی لڑکی جو برطانیہ میں اپنی تعلیم حاصل کر رہی ہے”۔یاد رہے کہ شرمین عبید چنائے پاکستان کی پہلی آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی خاتون ہیں جب کہ ان کی حالیہ دستاویزی فلم ’سونگ اوف لاہور‘کو ٹریبیکا فلم فیسٹیول کے دوران بہت زیادہ سراہا گیا