پٹنہ (نیوزڈیسک ) بھارت کی ریاست بہار میں شدید بارش اور طوفان سے 33 افراد ہلاک جب کہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 65 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے برساتی طوفان نے ریاست کے کئی اضلاع میں نظام زندگی پوری طرح درہم برہم کردیا، طوفان کے باعث ہزاروں درخت اکھڑ گئے جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی جب کہ مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ریاست بھر میں مکانات گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 33 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے، اس کے علاوہ طوفان سے ہزاروں افراد بے گھر جب کہ کھڑی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ مون سون کے موسم میں اس طرح کے طوفان آنا کوئی نئی بات نہیں تاہم حکومت نے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ طوفان سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 4 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔