ممبئی (نیوز ڈیسک)بھارتی ہندو انتہا پسندی تنظیم شیو سینا نے دھمکی دی ہے کہ وہ بھارت میں پاکستان کے کسی فنکار کو اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کرنے دے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے ذرائع نے بتایا کہ یہ سرحد پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی اور کشمیری علیحدگی پسندوں کی طرف سے پاکستان کی حمایت کا رد عمل ہے۔شیوسینا کی شاخ چترپٹ سینا نے اعلان کیا کہ وہ کسی بھی پاکستانی فنکار کو ہندوستان میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے سے روکے گی۔ذرائع کے مطابق ان کا پہلا ہدف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم ہوں گے. 25 اپریل کو پونے میں جن کا کنسرٹ منعقد ہونے والا ہے۔پونے میں شیوسینا کے سینئر رہنما اجے بھوسلے نے کہا کہ پاکستان ہمارے ملک کی سرحد پر حملہ کر رہا ہے، تو ہم ان کے فنکاروں کا استقبال کیسے کر سکتے ہیں۔