تہران (نیوزڈیسک)ایران کے صدر حسن روحانی نے سعودی عرب کو یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی بمباری پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ سعودی عرب نے خطے میں نفرت کے بیج بو دئیے ہیں ۔سعودی عرب کو جلد یا بدیر اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا۔دارالحکومت تہران میں فوج کے قومی دن کے موقع پر ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی تقریر میں صدر روحانی نے سعودی عرب پر خطے میں نفرت کے بیج بونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو جلد یا بدیر اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔صدر روحانی نے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کے اس بیان کی تائید بھی کی جس میں انھوں نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف مہم کو قتل عام قرار دیا تھا۔صدر حسن روحانی نے سوال اٹھایا کہ سعودی عرب اس کارروائی سے کیا حاصل کرنے کی امید رکھتا ہے۔؟حسن روحانی نے کہاکہ شام، لبنان اور عراق میں دہشت گردوں کو مالی امداد اور اسلحے کی فراہمی کا کیا مطلب ہے؟ یمن میں معصوم اورمظلوم لوگوں پر بمباری کا کیا مطلب ہے؟ آپ کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ کیا بچوں کو مارنے سے آپ طاقت حاصل کر لیں گے؟