اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق صدر عبداللہ صالح کے ہمنوا سمجھے جانے والے فوج کے بریگیڈ 123اور القاعدہ فوجی اڈے کے سپاہیوں کے بعد بریگیڈ 135کے چار ہزار فوجیو ں نے بھی آئینی صدر ھادی کی حمایت کا اعلان کر دیاہے۔ویب سائٹ العربیہ کے مطابق بریگیڈ 135کے کرنل یحییٰ ابوعوجہ نے سابق صدر علی صالح کیخلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے 4ہزار سپاہیوں کے ساتھ آئینی صدرمنصور ھادی کی حمایت کا اعلان کر دیاہے جس کے بعد بریگیڈ میں پھوٹ پڑنے کا امکان ہے۔قبل ازیں المہرہ گورنری میں متعین بری فوج کے بریگیڈ 123نے صدر عبدربہ منصور ھادی کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعلان کیا تھا۔مقامی میڈیا کے مطابق بریگیڈ 123کی عسکری قیادت نے بھر پور قوت کے ساتھ حوثیوں اور علی صالح کی حامی ملیشیا کے خلاف جنگ لڑنے کے عزم کا اظہار کیااور کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی قیادت میں جاری ’فیصلہ کن طوفان ‘آپریشن کو کامیاب بنا نے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔