واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی بحریہ ایسے ڈرونز بنا رہی ہے جو ایک توپ سے چلائے جا سکتے ہیں اور ایک ’جتھے‘ کی صورت میں حملہ کر سکیں گے۔امریکی بحریہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’یہ ڈرون ایک دوسرے سے علیحدہ اڑنے اور اکٹھے دشمن یا ہدف پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھیں گے۔‘اس پراجیکٹ کو ’لوکسٹ‘ یا ٹڈی دل کا نام دیا گیا ہے۔امریکی بحریہ کے مطابق ڈرونز جب فضا میں ہوں گے تو اپنے پر لپیٹ لیں گے اور ایک فارمیشن میں پرواز کرسکیں گے۔امریکی بحریہ سنہ 2016 میں ایسے 30 ڈرونز لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ڈرونز کے چھوٹے ہونے سے ان کو بحری جہاز، جہاز یا گاڑی سے بھی چلایا جا سکتا ہے۔امریکی بحریہ کا کہنا ہے ’ان ڈرونز کے مشن ری پروگرام کیے جا سکیں گے لیکن ان مشنز کی نگرانی انسان ہی کریں گے۔‘اس پراجیکٹ کے مینیجر نے کہا ’ایک جتھے میں علیحدہ علیحدہ پرواز کا پہلے کبھی تجربہ نہیں کیا گیا۔‘