اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب نے کہا ہے کہ حوثی باغی بزور طاقت یمن پر قبضے کی کوشش ترک کردیں، کیونکہ وہ ناکام رہیں گے اور ہم اس ناکامی کو یقینی بنائیں گے۔ ادھر عدن میں حوثی باغیوں کی عدن کی بندرگاہ کی جانب پیش قدمی روکنے کے لیے مقامی قبائلی جنگجو نے شہر میں گشت شروع کردیا ہے۔ واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاس اس بات کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا کہ وہ اپنے پڑوسی ملک کا دفاع کرے کہ جہاں ایک آئینی حکومت کو طاقت کے زور پر ہٹایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باغی بزور طاقت یمن پر قبضے کی کوشش ترک کردیں، کیونکہ وہ ناکام رہیں گے اور ہم اس ناکامی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکورٹی کونسل کی قرارداد کو یمنی عوام اور وہاں کی آئینی حکومت کی فتح کے طور پر دیکھتے ہیں، ادھر حوثی باغیوں کی عدن کی بندرگاہ کی جانب پیش قدمی روکنے کے لیے مقامی قبائلی جنگجو اور صدر منصور ہادی کی حامی فوجوں نے عدن میں گشت شروع کردیا ہے۔ اتحادی فوج نے یمن کے شہر عدن میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ گوداموں اور اسٹورز پر حملے کئے، جس کے بعد شہر میں ایندھن اور کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگوں کو خوراک اور فیول کے حصول کے لیے لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔