اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایران کے عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک العالم کے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اکاﺅنٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے اور اس پر ایک غلط رپورٹ پوسٹ کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یمن میں ایران کا اتحادی باغی لیڈر عبدالملک الحوثی مارا گیا ہے۔العالم یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کے آغاز کے بعد سے بحران کی کوریج کررہا ہے۔العالم کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پرحوثیوں کے لیڈر عبدالملک الحوثی کی غلط خبر ہفتے کے روز جاری کی گئی تھی۔اس کے بعد خطے میں موجود چینل کے رپورٹروں کی خبریں پوسٹ کی گئی تھیں۔چینل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اکاﺅنٹ کی بحالی کے لیے کوشش کررہا ہے۔ٹویٹر کے علاوہ ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یوٹیوب پر بھی العالم کے اکاﺅنٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے اور اس میں ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی تعریف میں گانا چل رہا ہے اور پس منظر میں سعودی پرچم نظر آرہا ہے۔نومبر میں مصر اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے عرب سیٹلائٹ آپریٹرز نے ایران کے اس سرکاری ٹی وی اسٹیشن کی نشریات بند کردی تھیں۔ واضح رہے کہ امریکا کے عراق میں 2003ء میں عراق پر حملے کے بعد سے خطے میں ایران کے اثرورسوخ میں اضافہ ہوا ہے اور اس نے مختلف ممالک کے شیعہ جنگجو گروپوں کو مالی اور فوجی امداد مہیا کی ہے جس کی وجہ سے اس کے عرب خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی ہے۔اب ایران کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کی حمایت کی وجہ سے اس کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید کشید ہ ہوچکے ہیں جبکہ ایران حوثیوں کو مالی یا عسکری امداد دینے کے الزامات کو مسترد کرتا چلا آرہا ہے لیکن سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد عسیری کا کہنا ہے کہ یمن میں ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کے لیے امداد کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔