اسلام آباد(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور ملک کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید آل نھیان اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ خصوصی دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات کی ہے۔سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی”واس“ کے مطابق اماراتی وفد کی نائب ولی عہد سے ملاقات کے موقع پر سعودی وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔خیال رہے کہ اتوارکی شام ابو ظہبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید نھیان ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے تھے۔ ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرنائب ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف، وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان، وزیر مملکت ڈاکٹر سعود بن خالد الجبری اور سعودی عرب میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد سعید الظاھری نے ان کا استقبال کیا۔اماراتی وفد میں ولی عہد کے ہمراہ نائب وزیراعظم الشیخ سیف بن زاید آل نھیان، قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید آل نھیان، نائب وزیراعظم الشیخ منصور بن زاید آل نھیان ، وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن آل نھیان، نائب وزیر برائے صدارتی امور احمد جمعہ الزعابی اور ڈپٹی کمانڈر ان چیف کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل جمعہ احمد البواردی الفلاسی شامل تھے۔