استانہ (نیوز ڈیسک) نوجوانوں کو فوج میں بھرتی کے لئے راغب کرنے کے لئے عموماً جرات و بہادری اور عظیم روایات وغیرہ کا حوالہ دیا جاتا ہے لیکن قازقستان کی فوج نے نوجوانوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لئے خوبرو حسیناوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔
فوجی رہنماوں نے مس آرمی کے نام سے ایک مقابلہ متعارف کروایا ہے جس میں فوج میں کام کرنے والی 123 دوشیزاوں کی تصاویر آن لائن پوسٹ کی گئی ہیں اور عوام کو ان میں سے حسین ترین فوجی خاتون کا انتخاب کرنے کو کہا گیا ہے۔ مقابلے میں شریک دوشیزائیں تین مختلف حالتوں میں نظر آتی ہیں، ایک تصویر فوجی یونیفارم میں، ایک تصویر ہتھیاروں کے ساتھ اور ایک عام لباس میں بنائی گئی ہے۔ اب تک ان تصاویر کو ہزاروں مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور اس وقت سارجنٹ ایجرم کاراکوچوکوا سب سے اوپر نظر آرہی ہیں۔