ریاض (نیوز ڈیسک) پاکستانی نجی ایئرلائن کے طیارے کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہ دینے کے بارے میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا موقف سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے پاس مملکت کے ایئرسپیس میں داخل ہونے کا پرمٹ نہیں تھا۔سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مطلوبہ پرمٹ نہ ہونے کی وجہ سے شاہین ایئر کے بوئنگ 767 کو معمول کے حفاظتی اقدام کے طور پر سعودی ایئر سپیس میں داخلے سے پہلے ہی واپس بھیج دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایئرلائن نے پرمٹ کے لئے درخواست دی تھی لیکن چونکہ طیارہ بین الاقوامی فضائی ضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا اور سیفٹی سے متعلق معاملات بھی تھے لہٰذا پرمٹ کی درخواست رد کردی گئی تھی۔سعودی اتھارٹی کی طرف سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس کے لئے سعودی ایئرسپیس کی سلامتی اور سیفٹی سٹینڈرڈز اہم ترین ہیں لہٰذا اس ضمن میں کسی بھی بات سے صرف نظر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔