اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یمن میں جاری لڑائی میں ایران کی جانب سے عدم مداخلت کے دعوﺅں کے باوجود جنوبی یمن میں ایرانی پاسدارن انقلاب کے ایک اہم عہدیدار کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔یمن کے سماجی کارکنوں نے انٹرنیٹ پر مبینہ طور پر پاسداران انقلاب کے ایک عہدیدار کی تصویر پوسٹ کی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے جنوبی یمن میں حوثیوں کے ساتھ لڑتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔”ھنا“نامی ایک نیوز ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی ایک باریش شخص کی تصویر میں دکھائے شخص کے بار ے میں بتایا گیا ہے کہ اسے عدن میں المعلا سے حراست میں لیا گیا۔تاہم یمن میں سرکاری سطح پر اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ اگر یہ خبر درست ہے تو یہ یمن میں پاسداران انقلاب کی موجودگی کا ثبوت ہے اور اپنی نوعیت کی پہلی گرفتاری ہے۔