نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر شملہ اور لاہور معاہدوں کی روشنی میں مذاکرات کیلیے تیار ہیں۔نریندر مودی نے بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو میں کہا کہ ہم تمام تصفیہ طلب مسائل پر دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کے لیے تیارہیں،شملہ معاہدے اور لاہور اعلامیے کو آگے بڑھنے کے لیے بنیاد بنانا ہوگا۔ انھوں نے دوطرفہ معاہدوں کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں شورش زدہ پڑوسیوں نے تعلقات کو معمول پر لانے اور جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، امن صرف اسی صورت میں ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے جب فضا سازگار ہو۔انھوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی اپنی خواہش کا اشارہ دیا کہ انھوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سمیت جنوب ایشیائی رہنماؤں کو گزشتہ سال اپنی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا تھا۔