اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کی قیادت میں حوثی مخالف فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی بحری جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں موجود رہنے کا حق حاصل ہے لیکن انھیں یمن کی علاقائی حدود میں پانیوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری سعودی دارالحکومت الریاض میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے ایران کی جانب سے خلیج عدن میں دو جنگی بحری جہاز بھیجنے کے فیصلے کے ردعمل میں یہ ریمارکس دیے ہیں۔ایران کا کہنا ہے کہ وہ یہ جنگی بحری جہاز مال بردار جہازوں کے تحفظ کے لیے بھیج رہا ہے۔تاہم جنرل عسیری نے ”آپریشن فیصلہ کن طوفان” سے متعلق روزانہ کی بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ فوجی اتحاد ایران کی جانب سے حوثیوں کو مسلح کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔انھوں نے صحافیوں کو یہ بھی بتایا ہے کہ طبی سامان اور ادویہ سے لدا ہوا ایک بحری جہاز عدن کی بندرگاہ پر لنگراندز ہوگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یمن میں حوثی بغاوت کے خاتمے کی ضرورت ہے تاکہ وہ القاعدہ کے جنگجوو¿ں سے نبرد آزما ہوسکے۔