ریاض (نیوز ڈیسک) یمنی باغیوں کے خلاف سرحد پر تعینات سعودی فوجی نے وطن کے دفاع کے لئے اپنی شادی ملتوی کردی ہے اور دشمن کی شکست تک شادی نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔سارجنٹ علی محمد ظافر کی شادی 15 اپریل کو طے پائی تھی لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کا فرض ادا کررہے ہیں اور حوثی باغیوں کی شکست تک سرحد سے واپس نہیں آئیں گے۔ وہ صوبہ نجران میں جنوبی بارڈر اکفا پر تعینات ہیں۔ محب وطن فوجی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی شادی کے لئے اپنے دوستوں، ساتھیوں اور قبیلے کے لوگوںکو دعوت نامے بھی بھجوادئیے تھے اور وہ اس کے بے چینی سے منتظر تھے کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے آپریشن فیصلہ کن طوفان کا اعلان کردیا۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی شادی فوری طور پر ملتوی کردی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے وطن کو ان کی زیادہ ضرورت ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر وہ فتح یاب ہوئے تو شادی ضرور کریں گے اور اگر ان کی جان چلی گئی تو ان کے ساتھی انہیں شہید کے طور پر دفن کریں گے جو ان کے لئے سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔