اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان کی جوہری صلاحیت ہر دشمن کی آنکھ میں کھٹکتی ہے لیکن امریکہ اور بھارت کی تو یہ خواہش ہے کہ پاکستان کو کسی نہ کسی طرح اس صلاحیت سے محروم کیا جا سکے۔ اسی طرح کی ایک سازش اب مشہور امریکی اخبار نے بھی شروع کر دی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جنگ کی صورت میں پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کرسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے ادارئیے میں عالمی طاقتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی توجہ ایران سے ہٹا کر جنوبی ایشیائ کی جانب کرے جہاں دو بڑی جوہری قوتیں موجود ہیں۔ اخبار کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات پر حتمی معاہدے کے بعد امریکہ اور دیگر عالمی قوتوں کو اب جنوبی ایشیا ءپر اپنی توجہ مرکز کرنی چاہئے کیونکہ اس خطے کی کی بگڑتی صورتحال کو عالمی طاقتیں نظر انداز نہیں کرسکتیں۔ اخبار نے مزید کہا ہے کہ ایران کیساتھ ساتھ پاکستان، چین اور بھارت بحیرہ ہند پر جوہری ہتھیار نصب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور صرف پاکستان ہی جنوبی ایشیاءکی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں بلکہ چین کا اپنی جوہری صلاحتیوں کو بڑھانا بھی خطے کیلئے انتہائی تشویشناک ہے۔نیویارک ٹائمز کا اپنے اداریئے میں کہنا تھا کہ پاکستان اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ فوج کو جدید ہتھیاروں اورمیزائل سے لیس کرنے میں صرف کر رہا ہے جو جوہری ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اخبار کے مطابق پاکستان کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام اور دہشت گردی جیسے مسائل نے گھیر رکھا ہے جس کے اثرات پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ اخبار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت جیسا جدید ترین جنگی سامان نہیں اس لئے اس کا زیادہ تر بھروسہ جوہری ہتھیاروں پر ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کر سکتا ہے۔