اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکی حکام نے یمن میں موجود اپنے شہریوں کو وہاں سے نکالنے کیلئے کوئی انتظامات نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو جلد از جلد سمندر کے راستے یمن سے نکالنے کی کوشش کرینگے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان میری ہارف نے صحافیوں کےساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ امریکی محکمہ خارجہ کو تاحال اس بات کا علم نہیں کہ اس وقت کتنے امریکی شہری یمن میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں موجود تمام شہریوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جائےگی اور انہیں اتحادی ممالک کے بحری جہازوں کے ذریعے یمن سے انخلاء بارے معلومات بھی فراہم کی جائینگی۔ ترجمان نے کہا کہ یمن میں موجود امریکی شہری انخلاءتک محفوظ ٹھکانوں میں قیام کریں۔