دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب حکام کی طرف سے DIFC Wills and Probate Registry متعارف کروانے کا عندیہ دے دیا گیا ہے جس کے بعد غیر ملکی متحدہ عرب امارات میں اپنے گھروں اور جائیداد کو اپنی وصیت میں شامل کرسکیں گے۔
”ایمریٹس 247“ کے مطابق ڈی آئی ایف سی کی طرف سے رجسٹری کا آغاز 30 اپریل تک کردیا جائے گا۔ اس سہولت کے بعد دبئی میں اثاثے رکھنے والے غیر ملکی انگریزی زبان میں اپنی وصیت رجسٹرڈ کرواسکیں گے جس کی بنا پر ان کے اثاثوں کی وراثت کے بارے میں قانونی طور پر یقینی صورتحال کا خواب پورا ہوسکے گا۔ ضوابط کے مسودے کے مطابق رجسٹری کے استعمال کے خواہاں افراد کو وصیت رجسٹرڈ کروانے کے لئے دس ہزار دہم (تقریباً دو لاکھ 77 ہزار پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوں گے، اس میں وکیل کی فیس اور دبئی کورٹس میں وصیت کے ترجمے اور تصدیق کے اخراجات بھی شامل ہوں گے۔ یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے کہ اس فیس میں کمی متوقع ہے۔