اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک ’بری ڈیل‘ قرار دیا ہے۔ واشنگٹن میں ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں سے ایٹمی معاہدے کے بعد ایران پر عائد پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔ معاشی پابندیاں اٹھنے کے بعد ایران کے پاس ڈالرز کا بہاو ہوگا اور وہ یہ رقم اسکولوں، اسپتالوں اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے بجائے جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے استعمال کرے گا۔ انہوں ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو ایک انتہائی بری ڈیل قرار دیتے ہوئے امریکا پر زور دیا کہ وہ مجوزہ ڈیل کو بہتر بنانے کی کوشش کرے۔